چین میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس کا حتمی نتیجہ تو سامنے نہیں آیا لیکن اس نے ہر دیکھنے والے کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے شوہر کی بے وفائی کا پتا لگانے اور اسے رنگے ہاتھوں پکڑنے کے لیے ایک خاتون اس کے ٹرک کے پیچھے لٹک کر سوار ہوگئی۔ یہ انوکھا واقعہ چین کے صوبہ سنکیانگ کے علاقے مارالبی شی میں پیش آیا جہاں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے چلتے ہوئے پک اپ ٹرک کے پیچھے لٹکا ہوا دیکھا گیا۔ یہ واقعہ ٹریفک پولیس کو اس وقت معلوم ہوا جب موٹرسائیکل سواروں نے انہیں اس بارے میں اطلاع دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں خاتون کو گاڑی کے پچھلے حصے پر لٹکے اور سلاخوں کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کو شک تھا کہ اس کا شوہر کسی سے تعلق میں ہے اسی لیے وہ گھر سے نکلتے وقت گاڑی کے پیچھے لٹک گئی تاکہ اسے رنگے ہاتھوں پکڑ سکے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ خاتون بہت خوش قسمت رہی کیونکہ اگر گاڑی تیز رفتاری سے چلتی یا سڑک خراب ہوتی تو اس کی جان بھی جا سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: صارفین ہو جائیں تیار! سب میرین کیبل کی مرمت، ملک بھر میں انٹرنیٹ متاثر ہونے کا خدشہ
اس واقعے پر شوہر کو 200 یوان یعنی 29 ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے اور اس کے ڈرائیونگ ریکارڈ سے 3 پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے ہیں کیونکہ اس نے گاڑی روانہ کرنے سے پہلے مناسب جانچ نہیں کی تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ چینی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔ حکام نے اس واقعے کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو مسائل کو بات چیت اور مشاورت سے حل کرنا چاہیے نہ کہ اس طرح کی خطرناک حرکات سے اپنی زندگی خطرے میں ڈالنی چاہیے۔




