امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کی قیادت اور ثالثی کے کردار کو سراہا

امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو بھرپور طریقے سے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان مذاکرات میں پاکستان نے نہایت اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بہت زیادہ کریڈٹ دینا چاہتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دونوں شخصیات نہایت بہترین میزبان ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہمارے اور ایران کے درمیان ثالثی کرانے میں حقیقی قیادت اور مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مذاکرات کا دوسرا مرحلہ ، گیند تہران کے کورٹ میں ہے،جے ڈی وینس

جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ دو ایسے ممالک کے درمیان ثالثی میں مدبرانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا جو طویل عرصے سے سنجیدہ مذاکرات نہیں کر رہے تھے۔ اس حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں مزید بتایا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ہم نے اپنی تجاویز ایران کے سامنے رکھ دی ہیں اور اب گیند ایران کے کورٹ میں ہے۔ ان کا اشارہ اس طرف تھا کہ اب فیصلے کی باری ایران کی ہے تاکہ معاملات کو آگے بڑھایا جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا۔ دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے تک طویل مذاکرات چلتے رہے تھے۔ تاہم یہ مذاکرات کسی حتمی ڈیل پر پہنچے بغیر ہی ختم ہو گئے تھے۔ اب امریکی نائب صدر کے حالیہ بیان نے ان مذاکرات کی اہمیت اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر اجاگر کر دیا ہے۔ اس خبر میں مزید تفصیل شامل کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں : جے ڈی وینس

Scroll to Top