مہنگائی مزید بڑھ گئی،28اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 1.93فیصد کا اضافہ ہوا اور مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح ڈبل ڈیجٹ میں 12.15 فیصد ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: خطے کی صورتحال کا اثر، مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتےمیں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے میں 8 اشیاء سستی اور 15 کی قیمتیں مستحکم رہیں، ایک ہفتےمیں ڈیزل 54.71 اور پیٹرول 17.86فیصد مہنگا ہوا جب کہ حالیہ ہفتے ایل پی جی کی قیمتوں میں8.61 فیصد اضافہ ہوا۔

ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت میں9.35، آلو 4.13، پیاز3.84 اور انڈے کی قیمتوں میں3.77 فیصداضافہ ہوا جب کہ ایک ہفتےمیں بیف، مٹن، بریڈ اور پکی ہوئی دال بھی مہنگی ہوئی ۔

ادارہ شماریات کے مطابق چکن،آٹا،گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ لہسن3.78 اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:تیل کی سپلائی متاثر، پاکستان میں مہنگائی 12 فیصد اضافے کا خدشہ

یاد رہے کہ عالمی بینک نے پاکستان سے متعلق تازہ اکنامک اپڈیٹ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں آئندہ مالی سال کے دوران مہنگائی میں اضافے اور معاشی ترقی کی رفتار میں مزید سست روی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو تین فیصد رہنے کا امکان ہے، جو اس سے قبل لگائے گئے تین اعشاریہ چار فیصد کے تخمینے سے کم ہے۔

عالمی بینک کے مطابق مالی سال 2025 میں معاشی ترقی کی شرح تین اعشاریہ ایک فیصد رہی تھی۔

Scroll to Top