کفایت شعاری کی مثال: جاوید بٹ کا موٹر سائیکل پر انتخابی مہم کا آغاز، دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کا اعلان

مظفرآباد: سابق وزیر ٹرانسپورٹ اور مہاجر ممبر آزاد کشمیر اسمبلی جاوید بٹ نے آئندہ عام انتخابات میں دو حلقوں سے حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز ایک منفرد انداز میں کیا ہے، جہاں وہ کفایت شعاری پروگرام پر عمل کرتے ہوئے گاڑیوں کے قافلے کے بجائے موٹر سائیکل پر عوام کے درمیان پہنچ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں جاوید بٹ نے کہا کہ ہم نے مہاجرین کے حق میں جو لڑائی لڑی ہے، وہ کوئی دوبارہ پیدا ہو کر بھی نہیں لڑ سکتا۔ انہوں نے ان لوگوں پر سخت تنقید کی جنہوں نے مہاجرین کے حقوق پر خاموشی اختیار کی اور کہا کہ ایسے لوگوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور وہاں سے ہجرت کر کے آنے والوں کے ساتھ ظلم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ،کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

جاوید بٹ کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں مہاجرین کے دشمنوں اور مخالفوں کو ایسی جگہ اٹھا کر پھینکیں گے جہاں سے نکلتے ہوئے بھی انہیں خوف آئے گا۔ واضح رہے کہ جاوید بٹ گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پہلی بار ممبر اسمبلی بنے تھے، تاہم اب وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے جس پر ابھی مذاکرات جاری ہیں۔ اسی مطالبے کی وجہ سے مہاجرین ممبران اسمبلی کو کابینہ میں بھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ نشستوں کے خاتمے کے اسی معاملے پر جاوید بٹ اور ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے درمیان اکثر نوک جھونک کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔

Scroll to Top