اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں امن مذاکرات کے لیے غیر ملکی وفود کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان انتظامات کے تحت شہر کی کئی اہم شاہراہوں کو مختلف اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو شہر کے مختلف راستوں پر ٹریفک متاثر رہے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والے مسافر ٹیکسلا موٹر وے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات کا راستہ استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کو بھی انہی راستوں پر بھیجا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں توانائی بچت پلان نافذ، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا حکم
مارگلہ روڈ کے مختلف سیکٹرز بشمول ایف 6، جی 5، جی 6 اور جی 7 سے راولپنڈی جانے والوں کو نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی طرف موڑا جائے گا۔ بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری رنگ روڈ، بنی گالہ اور ترلائی روڈ استعمال کریں جبکہ راولپنڈی سے آنے والے صدر مری روڈ کے ذریعے نائنتھ ایونیو اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ زیرو پوائنٹ سے فیصل ایونیو تا کورال چوک ایکسپریس وے دونوں اطراف سے بند رہے گی۔ کرنل شیر خان روڈ سے فیض آباد آنے والوں کو نائنتھ ایونیو سگنل کے ذریعے اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنا ہوگا۔ پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹر وے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے کی طرف بھیجا جائے گا، جبکہ لاہور سے آنے والی بھاری ٹریفک کو چک بیلی روڈ سے چکری موٹر وے منتقل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم شہباز شریف کا جمعہ کو ‘یومِ تشکر’ منانے کا اعلان، اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار
ترجمان کے مطابق 9 اور 10 اپریل تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ مکمل بند رہے گا اور ریڈ زون میں عام شہریوں کی آمد و رفت پر پابندی ہوگی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے استعمال کر کے تعاون کریں۔




