راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما، سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن و چیئرمین پی سی اے سردار ارشد نیازی نے ہمراہ خواجہ عمران اشرف، اظہر کریم، کونسلر میونسپل کارپوریشن راشد افراد، نیر اشرف خان، زبیر قادری، محمد جمیل خان اور دیگر کے ہمراہ غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ڈیمانڈ آٹا سبسڈی بحالی اور سستی بجلی کا مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ اب ایکشن کمیٹی کو ریاست کے آئین کی بالادستی، جمہوری روایات کو قائم رکھتے ہوئے الیکشن کا حصہ بن کر انتخابی میدان میں آنا چاہئے۔ اگر ایکشن کمیٹی کو عوام مینڈیٹ دیتی ہے تو پھر وہ آئینی معاملات جن کا حل صرف اسمبلی فلور پر ہی ممکن ہے۔
سردار ارشد نیازی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں مہاجرین کی 12 سیٹوں پر واضح موقف رکھتی ہے۔ ہمارے صدر شاہ غلام قادر اور سیکرٹری جنرل طارق فاروق اور راجہ فاروق حیدر نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مہاجرین سیٹیں مسئلہ کشمیر سے جڑی ہوئی ہیں اور ان پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا، موجودہ صورت حال میں ملک پاکستان کو چاروں اطراف سے دشمن نے گھیرا رکھا ہے۔ 25 مئی کو جو شرمندگی ہوئی، جو احتجاج ہوا، 29 ستمبر کا جو احتجاج تھا اس پر میں وزیراعظم پاکستان اور صدر پاکستان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے حالات کے ادراک کو جانتے ہوئے وہاں سے سینئر پارلیمنٹیرین رانا ثناء اللہ اور وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ کو بھیجا اور بہت سارے قیمتی جانوں کا جو ضیاع ہونا تھا اس کو بچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اگر عوامی ایکشن کمیٹی حقوق کی بات کرتی ہے تو آسیہ اندرابی کی سزا پر کیوں خاموش رہی،عبدالحمید لون نے کھری کھری سنا دیں
انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے شوکت نواز میر نے قومی سلامتی کے اداروں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ 16 لاشیں گری ہیں، عاصم منیر آپ کہاں ہیں؟ اس پر میرا سوال شوکت میر سے یہ ہے کہ یہ سوالات آپ سابق وزیراعظم انوار الحق سے کیوں نہیں کرتے؟ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، امریکہ اور اسرائیل اور بھارت گٹھ جوڑ کر کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں لیکن افواجِ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ شوکت میر سے میرا سوال ہے کہ جب ہندوستان نے ایک میزائل مظفرآباد اور کوٹلی میں مارا تھا تو یہی افواجِ پاکستان ہی تھی جس نے ہندوستان کی چیخیں نکالی تھیں۔
ارشد نیازی نے کہا کہ شوکت میر ہمیں سہولت کار کہتے ہیں، ہم سہولت کار ہیں لیکن پاکستان کے سہولت کار ہیں، ہمارے آباؤ اجداد نے ملک پاکستان کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ راولاکوٹ میں پاکستان مخالف بیانیہ بنا اس کے ذمہ دار ممبر اسمبلی اور میئر میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ ہیں۔ انہوں نے سیاسی کارکنان سے کہا کہ ریاست کے وسیع تر مفاد میں سردار خالد ابراہیم کے نظریات کو لے کر قومی مفاد کے لیے کام کریں۔ راولاکوٹ کی میونسپل کارپوریشن نے ریاست کی سیاست کو انجمن تاجران کے نیچے لگا کر ناقابل تلافی نقصان کروایا ہے۔
مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں 1100 روپے کا اضافہ، نئی قیمتیں سامنے آگئیں
سردار ارشد نیازی نے انکشاف کیا کہ جب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاجی مارچ مظفرآباد کی جانب جا رہا تھا تو اس وقت ایک کمیشن، جس میں کمشنر مسعود الرحمان، ڈی آئی جی پونچھ اور ڈپٹی کمشنر پونچھ، ڈپٹی میئر اور ایک پریس کا ممبر جس کا ویڈیوز کلب بھی میرے پاس موجود ہے، جس کے مطابق یہ تمام احباب جن کی میٹنگ راولاکوٹ ایک بند کمرے میں ہوئی تھی، اس میں ایکشن کمیٹی اور حکومت کے مابین معاملات طے ہو گئے تھے۔ اس لیے میں واضح کرتا ہوں کہ یہ ایک فکس میچ تھا جس کا نوٹیفیکیشن بعد میں جاری کیا گیا۔ میرا سوال ہے کہ جو 16 لوگ شہید ہوئے ان کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے چیف الیکشن کمیشن آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوج کی نگرانی میں الیکشن کروائیں اور ایکشن کمیٹی کے لوگوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ انتخابات میں حصہ لے کر پراسیس کے تحت آئیں تاکہ ریاست میں افراتفری کا ماحول پیدا نہ ہو۔




