خیبر میں پاک افغان شاہراہ پر نیکی خیل کے مقام پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے سے اب تک 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ چوتھے شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں رات بھر ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث برساتی نالوں میں شدید طغیانی ہے جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات نے کشمیر سمیت ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز بارش نے کافی تباہی مچائی ہے۔ یہاں یوسف اڈہ کے مقام پر ایک شو روم کی چھت گر گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شو روم کی چھت گرنے سے وہاں موجود متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور چھت پر نصب سولر پینل بھی مکمل طور پر ٹوٹ گئے ہیں۔ بارشوں کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے جس سے مختلف مقامات پر مالی و جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔




