مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت محکمہ تعلیم (اسکولز) کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریاست بھر میں اسکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے تعلیمی اداروں کے قیام اور تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے کئی بڑے اور دور رس فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیر تعلیم اسکولز دیوان علی خان چغتائی، وزیر پی ڈی او چوہدری رشید، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود اور سیکرٹری تعلیم قاضی عنایت سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مجوزہ تعلیمی پیکیج کی مختلف جہات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نظام میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے شیخ وحید کی ملاقات، صحافیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی
تعلیمی اصلاحات اور جدید تدریسی طریقے:
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) کی بہتری، اساتذہ کی میرٹ پر مبنی ایلوکیشن اور جدید تدریسی طریقوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نصاب میں جدت، آئی ٹی کے فروغ اور ڈیجیٹل لرننگ کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جائے۔
وزیراعظم کا خطاب: میرٹ اور شفافیت پر زور:
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تعلیم کسی بھی ریاست کی ترقی اور خوشحالی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت تعلیمی شعبے میں دیرپا اصلاحات کے لیے پرعزم ہے اور اساتذہ کی تعیناتی کا نظام مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: یکم اپریل سے نجی تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان
وزیراعظم نے مزید کہا کہ “ہم آزاد کشمیر کے تعلیمی نظام کو ایک مثالی اور معیاری نظام میں تبدیل کریں گے جہاں ہر بچے کو بلاامتیاز بہترین تعلیم تک رسائی حاصل ہو”۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے کفایت شعاری اور ضرورت کے مطابق اسکولوں کی اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔




