نیلم (کشمیر ڈیجیٹل): بالائی وادی نیلم میں کیل سیری کے مقام پر بند ہونے والی مرکزی شاہراہ کیل–شاردہ کو 30 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے انجینئرز اور محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کی مشترکہ کوششوں سے ملبہ ہٹا کر ہزاروں محصور سیاحوں اور مقامی آبادی کا رابطہ مظفرآباد سے دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 30 مارچ 2026 کو کیل سیری کے مقام پر پہاڑی سے اچانک بڑے پتھر گرنے کے باعث شاہراہ مکمل طور پر بند ہو گئی تھی، جس سے سیاحوں کی بڑی تعداد بالائی وادی میں پھنس گئی تھی۔ شاہراہ کی بندش سے مقامی آبادی کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا تھا، جس پر پاک فوج اور پی ڈبلیو ڈی کی ٹیموں نے بھاری مشینری کے ساتھ فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ضلعی ایلمنٹری تعلیمی بورڈ نیلم نے جماعت پنجم اور ہشتم کے نتائج کا اعلان کر دیا
انتظامیہ کے مطابق، دونوں اداروں نے مسلسل 30 گھنٹے کی انتھک محنت کے بعد سڑک پر پڑے بھاری پتھروں اور ملبے کو ہٹا کر راستہ صاف کر دیا ہے۔ اب کیل–شاردہ شاہراہ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہے اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور عوامی حلقوں نے مشکل موسمی حالات میں بروقت اور مؤثر کارروائی پر پاک فوج اور محکمہ تعمیرات عامہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔




