راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں دو کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشنز باڑہ خیبر اور بنوں میں کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق باڑہ خیبر میں ہونے والے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے۔ دوسری جانب بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں 3 خوارج کو انجام تک پہنچایا گیا۔ ان کامیاب کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: جانی خیل بنوں : فتنہ الخوارج کی بربریت: ایک اور بے گناہ شہری قتل، لاش سڑک پر پھینک دی
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت آپریشنز جاری ہیں۔ اس سلسلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا گیا ہے تاکہ ملک میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں 13 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے بنوں اور باڑہ میں دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا۔
مزید پڑھیں: افغان سیکیورٹی گارڈ نے بھانڈا پھوڑ دیا: ہسپتال پر حملے کے بھارتی اور افغان پروپیگنڈے کا پول کھل گیا
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔




