سکیورٹی فورسز

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کی متعدد مقامات پر حملوں کی کوششیں ناکام، سکیورٹی فورسز کا بروقت اور مؤثر جواب،کوئی نقصان نہیں ہوا

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان (ایف اے ایچ) کی جانب سے بیک وقت حملوں کی کوششوں کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دہشت گرد عناصر نے صوبے کے مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی تھی تاہم فورسز کی مستعدی اور فوری ردعمل کے باعث کسی بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا ۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نوسر میں ایک پولیس چوکی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کا پولیس اہلکاروں نے فوری اور مؤثر جواب دیا ۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اسی دوران میان غنڈی کے علاقے میں بھی دہشت گردوں نے یو بی جی ایل اور دور سے فائرنگ کا سہارا لیتے ہوئے حملے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں پسپا کر دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ژوب سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، سکیورٹی فورسز کا بھرپور جواب، 12دہشت گرد ہلاک

مزید برآں کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے قریب پولیس کی گشت کرنے والی ٹیم کو بھی نشانہ بنایا گیا، جہاں یو بی جی ایل کے ذریعے حملہ کیا گیا ۔ پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف حملہ ناکام بنایا بلکہ کسی جانی یا مالی نقصان کو بھی ہونے نہیں دیا ۔ اسپلنجی کے قریب ایف سی چوکی پر بھی دور سے فائرنگ کی گئی، جس کا سکیورٹی اہلکاروں نے بھرپور جواب دیا اور صورتحال کو قابو میں رکھا۔

لتر کے علاقے میں ایف سی پوسٹ پر بھی حملے کی کوشش کی گئی تاہم یہاں بھی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا ۔ تمام واقعات میں سکیورٹی اداروں نے نہایت مستعدی کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی بڑے نقصان کو ہونے سے روک لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:لکی مروت:پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 خوارج ہلاک، ہتھیار بھی برآمد

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز اس وقت ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔

Scroll to Top