کشمیر اور ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی ہے، جہاں آسمان پر کالی گھٹاؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور مطلع ابر آلود ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش متوقع ہے۔ رات بھر جاری رہنے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ فضا میں خنکی اور ٹھنڈک میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور آئندہ چند روز تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ لاہور اور دیگر شہروں میں بارشوں کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے ہلکی سردی کا احساس بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں بارش کا امکان،کشمیر، خیبر پختونخوا میں آسمان جزوی ابر آلود رہےگا،محکمہ موسمیات
مزید برآں، سندھ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے جس کے باعث کشمیر اور دیگر بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد رہے گا۔




