مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نےآج 27 مارچ 2026 تک ملک بھر میں سونے کی تازہ قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق حالیہ دنوں میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 464,000 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 440,680 روپے ریکارڈ کی گئی ہے ۔
اسی طرح 22 قیراط سونا 425,333 روپے فی تولہ میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ 21 قیراط سونے کی قیمت تقریباً 403,954 روپے فی تولہ ہے۔ 18 قیراط سونے کی قیمت 348,000 روپے فی تولہ تک پہنچ چکی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کے کتنے ذخائر موجود ہیں؟حکام بے بتا دیا
مظفرآباد اور آزاد کشمیر میں بھی سونے کے نرخ ملک کے دیگر حصوں کے مطابق ہی ہیں، جہاں 24 قیراط سونا فی تولہ 464,000 روپے اور 10 گرام 440,680 روپے میں دستیاب ہے ۔
اگر گزشتہ دنوں کے ریٹس کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ 13 مارچ 2026 کو 24 قیراط سونے کی قیمت 533,262 روپے فی تولہ تھی جو بتدریج کم ہو کر 27 مارچ کو 464,000 روپے تک آ گئی ہے۔ اس طرح تقریباً 69 ہزار روپے فی تولہ کی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور روپے کی قدر میں تبدیلی اس کمی کی بڑی وجوہات ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مزید کمی بھی متوقع ہو سکتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کے نرخ زمین پر آگئے، ایک تولہ سونا 24 ہزار روپے سے زائد سستا
دوسری جانب، قیمتوں میں حالیہ کمی کے باعث خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ سرمایہ کار بھی صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔




