ہٹیاں بالا کے قریب دریائے جہلم میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک کمسن لڑکا دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا اور ابھی تک اس کی تلاش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہٹیاں بالا کے نواحی علاقے دھاریاں میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 15 سے 16 سال کا ایک کمسن لڑکا دریائے جہلم کی لہروں کی نذر ہو گیا۔ لڑکے کی شناخت سعود ولد حنیف کے نام سے ہوئی ہے جو کہ دھاریاں، حدود تھانہ ہٹیاں بالا، ضلع جہلم ویلی کا رہائشی تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی آزادکشمیر کی رجسٹریشن میں بڑی پیشرفت، 4اپریل کو سماعت ہوگی
بتایا گیا ہے کہ سعود اپنے گھر کے قریب دریائے جہلم کے کنارے مچھلیاں پکڑ رہا تھا کہ اسی دوران اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور توازن بگڑنے کی وجہ سے وہ گہرے پانی میں جا گرا۔ پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث وہ سنبھل نہ سکا اور دیکھتے ہی دیکھتے لہروں میں بہہ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی اور سب نے مل کر تلاش کا کام شروع کر دیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک لاش کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن پوری قوت سے جاری تھا، تاہم ابھی تک کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ اس حادثے کے بعد لڑکے کے اہل خانہ اور پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔




