بھمبر ،تنویر حسین قتل کیس کا سراغ لگا لیاگیا،اہلیہ اور آشنا ہی قاتل نکلے

بھمبر پولیس نے پوٹھی پیٹھ میں قتل ہونیوالے تنویر حسین کےاندھے قتل کا سراغ لگا لیا، مقتول کی اہلیہ اوراس کا آشنا قاتل نکلے،دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

بھمبر پولیس نے کہا ہے کہ مورخہ12مارچ 2026 کو درمیانی شب پوٹھی میں 32سالہ تنویر حسین ولد عبدالعزیز اپنے رہائشی مکان کے برآمدے میں چارپائی پر فائر سر میں پچھلی جانب لگنے کے نتیجہ میں مردہ حالت میں پایا گیاتھا۔

یہ بھی پڑھیں: رفاقت قتل کیس، سول سوسائٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے چیلنج

وقوع ہذا کا مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے ارشد محمود انسپکٹرایس ایچ او تھانہ سٹی بھمبر نے تفتیش کا آغاز کیاچونکہ یہ ایک اندھا قتل تھا اس لئے مقدمہ کی تفتیش کئی زاویوں پر بیک وقت شروع کی گئی۔

مقتول کو فائر سر کے بالکل قریب رکھ کر کیا جانا تصدیق ہوا تھا، مقتول قبل ازیں مختلف دیوانی مقدمات اور دیگر سوشل سرگرمیوں میں بھی ایکٹو تھا اور خود کو الیکشن میں بطور امیدوار اسمبلی متعارف کرواتا تھا۔

پولیس نے جملہ تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے مقتول کی ممکنہ دیوانی چپقلش، ڈکیتی یا سرقہ بالجبر کےدوران قتل کے ممکنات یا دیگر کسی وجہ قتل کو ٹریس کرنے کے لئے باریک بینی سے تفتیش کی ہدایت جاری کی۔

دوران تفتیش مشکوک ایکٹوٹی کی بنیاد پرمسماۃ ارم (زوجہ مقتول)اور عبدالصمد ولد لیاقت علی سکنہ پوٹھی میرا کو شامل تفتیش کیا گیا جن کے آپس میں ناجائز جنسی تعلقات تصدیق ہوئی اور ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے باہمی صلاح مشورہ سے عرصہ تقریباَََ ڈیڑھ ماہ قبل تنویر حسین مذکور کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی شروع کی۔

پولیس کے مطابق اس مقصد کے لئے عبدالصمد نے مقتول کی بیوی ارم کو پستول 30 بور خرید کر دیا تھا اورپستول چلانے کی ٹریننگ بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: شوائی محلہ چٹی موہری کا پولیس ملازم محمد چنگیز ڈان بن گیا،قتل کی دھمکیاں،غنڈوں کی ٹیم تیار

وقوعہ کی شام کودونوں میاں بیوی میں تلخ کلامی ہوئی جس پرارم مذکوریہ نے رات کوخاوند تنویر حسین کو بحالت نیند اسی پستول 30بور سے فائر مار کر قتل کر دیا اور بعد از وقوع آلہ قتل پستول قریبی کنویں میں پھینک دیا۔

پولیس کے مطابق کنویں سے آلہ قتل حسب نشاندہی ملزمہ ارم برآمد ہو چکا ہے۔ مقدمہ کی تفتیش جاری اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Scroll to Top