سردار عتیق کے حلقہ میں عوام کا بڑا دھرنا،احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا اعلان

  ضلع باغ اورمظفرآباد کو ملانے والی اہم شاہراہ رنگلہ مولاچھ کٹکیر روڈ کی عدم تعمیر اور خستہ حالی کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی اور مقامی سیاسی و سماجی جماعتوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا اور سابق وزیراعظم سردار عتیق خان سے سڑک کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیاگیا۔

مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں رنگلہ رحیم کوٹ شاہراہ کو شمالی رنگلہ کے مقام پر مکمل طور پر بند کر دیا جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: مہلم چڑکپورہ واقعہ پر غلط ایف آئی آر کا اندراج،عوام سراپا احتجاج، کوہالہ مظفرآباد شاہراہ بلاک

یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا گیاجب عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد لوگ اپنی ملازمتوں اور کاروباری سرگرمیوں کے سلسلے میں آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف علاقوں کی طرف واپس جا رہے تھے جبکہ کئی خاندان عید اپنے پیاروں کے ساتھ گزارنے کے بعد واپسی کے سفر پر تھے۔

سڑک کی بندش کی وجہ سے مسافر گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں اور بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاجی مظاہرہ اور دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہ اہم شاہراہ تین اضلاع کو آپس میں ملاتی ہے مگر رنگلہ سے کٹکیر تک تقریباً تین کلو میٹر کا علاقہ جو ضلع باغ کی حدود میں آتا ہے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

اس غفلت کی وجہ سے شمالی رنگلہ، جاگیر کٹکیر، رحیم کوٹ اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو روزمرہ آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقررین نے کہا کہ سڑک اس وقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے اور اس کی خراب حالت کے باعث متعدد ٹریفک حادثات رونما ہو چکے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ صحت کے ملازمین کا آزادی چوک میں احتجاج، مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

معمولی بارش کے بعد سڑک پر سفر کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے جبکہ برفباری کے دوران کئی کئی دن تک ٹریفک معطل رہتی ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں اور اس اہم شاہراہ کی فوری تعمیر نو کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو مواصلات کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

مقررین نے کہا کہ ایم ایل اے حلقہ غربی باغ اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو اس مسئلے کے حوالے سے متعدد بار آگاہ کیا گیا مگر تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی جس سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔

احتجاجی دھرنے میں عوامی ایکشن کمیٹی کے نوجوان رہنماؤں راجہ کامران بشیر، راجہ رجب خان، راجہ اسد علی اور دیگر نے متحرک کردار ادا کیا۔

اس موقع پر مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں سابق امیدوار اسمبلی حلقہ کھاوڑہ راجہ منصور خان، وائس چیئرمین ضلع باغ راجہ فہیم فاروق، صدر مسلم لیگ (ن) یو سی رنگلہ راجہ اعجاز نذیراور دیگر شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی کا ہنگامی اجلاس، پھر سڑکوں پر آنے کی دھمکی ،حکومت کو ڈیڈلائن دیدی

مقررین نے متنبہ کیا کہ اگر سڑک کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات نہ کئےگئے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائیگا۔

مظاہرین نے حکومت سے فوری نوٹس لینے اور رنگلہ کٹکیر روڈ کی تعمیر شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

Scroll to Top