اسلام آباد: پاکستان اور برطانیہ میں مقیم ہم وطنوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے 6 سال کے طویل وقفے کے بعد لندن کے لیے اپنا براہ راست فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ پروازیں اسی ماہ کے آخر میں بحال کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے اسلام آباد سے ہفتہ وار تین جبکہ لاہور سے ایک پرواز آپریٹ کرے گی۔ لندن کے لیے ان پروازوں میں بوئنگ 777 طیارے استعمال کیے جائیں گے اور تمام پروازیں ہیتھرو ایئرپورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔ شیڈول کے مطابق پی آئی اے 29 مارچ کو اسلام آباد سے لندن کے لیے پہلی پرواز روانہ کرے گی جبکہ 30 مارچ سے لاہور سے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں لندن کے لیے مجموعی طور پر ہفتہ وار چار پروازیں چلائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا آفیشل نغمہ جاری، عاطف اسلم کی آواز نے جادو جگا دیا
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لندن روٹ سے قومی ایئرلائن کا 70 سال سے زائد پرانا تعلق ہے اور یہ پی آئی اے کے ابتدائی بین الاقوامی روٹس میں شامل رہا ہے۔ ان نئی پروازوں کے آغاز کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی کل ہفتہ وار پروازوں کی تعداد بڑھ کر 7 ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ 2020 میں پابندی لگنے سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں چلا رہی تھی اور اب انتظامیہ ان پروازوں کی تعداد میں بتدریج مزید اضافہ کرنے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہے۔




