مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے اثرات کے پیش نظر، ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے متاثرہ معیشتوں کے لیے فوری مالی پیکج کا اعلان کیا ہے ۔
بینک کے مطابق یہ اقدامات ایشیا اور ایشیا پیسیفک کے ممالک کو بڑھتے ہوئے اقتصادی دباؤ سے نمٹنے اور مہنگائی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور سپلائی چین کے بحران کا مؤثر جواب دینے کیلئے کیے جا رہے ہیں ۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے فوری بجٹ سپورٹ اور فنانسنگ پروگرام کا آغاز بھی کر دیا ہے جس کے ذریعے حکومتوں کو فوری مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے ۔
اس کے علاوہ، نجی شعبے کو سہولیات دی جائیں گی تاکہ وہ درآمدات جاری رکھ سکیں اور مارکیٹ میں اشیا کی دستیابی متاثر نہ ہو ۔
بینک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غریب اور کمزور طبقے کو معاشی بحران کے اثرات سے بچانا ناگزیر ہے تاکہ بنیادی ضروریات تک ان کی رسائی یقینی بنائی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ویمن فنانس پروگرام: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک میں 350 ملین ڈالر فنانسنگ کا معاہدہ
اے ڈی بی نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی مہنگائی، تیل قیمتوں میں اضافے اور سپلائی چین میں خلل کے باعث اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے ۔
زراعت اور خوراک کے شعبے بھی اس بحران سے خطرات کا شکار ہیں، جس سے خوراک کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام متاثر ہو سکتا ہے ۔
بینک نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ممالک جو سیاحت اور ترسیلات زر پر انحصار کرتے ہیں، سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں ۔
اس دوران کرنسی کی قدر اور مجموعی معیشت پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے ۔ لہٰذا فوری مالی اقدامات کیساتھ ساتھ نجی شعبے کی معاونت اور کمزور طبقے کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پنشن نظام میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ،ایشیائی بینک سے 50کروڑ ڈالر قرض لیا جائیگا
ایشیائی ترقیاتی بینک کا یہ اقدام عالمی معیشت میں عدم استحکام کے دوران خطے کی معیشتوں کو مستحکم کرنے اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانےکیلئے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے ۔




