پاکستان

پاکستان کے معمر ایتھلیٹ نسیم الدین نے 74 سال کی عمر میں عالمی ریکارڈ کی ہیٹ ٹرک کر لی

کراچی: پاکستان کے معمرترین ویلڈر نسیم الدین نے 74 سال کی عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ۔

ویلڈنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے نسیم الدین نے حال ہی میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے ہاتھ میں انڈا پکڑ کر 38 ماربل ٹائل توڑ دئیے ۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 30 ماربل ٹائل توڑنے کا تھا۔ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام نے نسیم الدین کے اس کارنامے کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ریکارڈ اپ ڈیٹ کر دیا ہے ۔

یہ نسیم الدین کا تیسرا عالمی ریکارڈ ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے اپنے مکے سے 163 اخروٹ توڑنے اور ایک ہاتھ سے سیب کچلنے کے ریکارڈ بھی قائم کیے تھے ۔ ان کی یہ مہارت اور محنت دنیا بھر میں پاکستانی عوام کے لیے فخر کا باعث بنی ہے ۔

نسیم الدین کے خاندان نے بھی عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھائی ہے ۔ ان کے بیٹے، راشد نسیم کے پاس 150 سے زائد عالمی ریکارڈز ہیں اور وہ دنیا میں سب سے زیادہ ریکارڈ بنانے والے افراد میں شامل ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت ، میچ کے دوران22 سالہ نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق

اس کے علاوہ نسیم الدین کی بہو، پوتی اور پوتا نے بھی پاکستان کے لیے کئی عالمی ریکارڈز حاصل کیے ہیں، جس سے یہ خاندان ایک منفرد اور متاثر کن عالمی ریکارڈ بنانے والا خاندان بن گیا ہے ۔

نسیم الدین نے اپنے ریکارڈ کے حوالے سے کہا کہ یہ ان کا ہر ریکارڈ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں اور پاکستان آرمی کے نام ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے یہ کارنامے تمام پاکستانیوں کے لیے ہیں جو اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں اور وطن پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔

نسیم الدین کی یہ کامیابیاں ثابت کرتی ہیں کہ عمر صرف ایک عدد ہے، اور محنت، لگن اور حوصلہ انسان کو دنیا کے سامنے نمایاں کر سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11واں ایڈیشن ،غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری

ان کے اور ان کے خاندان کے کارنامے پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھے جائیں گے ۔