ایران جنگ رکوانے کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ بات چیت کی تصدیق کر دی۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ نے کہا کہ یہ حساس سفارتی بات چیت ہے، امریکا اس معاملے پر میڈیا کے ذریعے مذاکرات نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان امن کے لیے کلیدی کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششیں تیز
انہوں نے کہا کہ قیاس آرائی کو اُس وقت تک حتمی نہیں سمجھنا چاہیے جب تک باضابطہ اعلان نہیں ہو جاتا۔
مذاکرات کی ممکنہ میزبانی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ایران اور امریکا مذاکرات کی ممکنہ میزبانی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایات کردی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں اعلیٰ عسکری قیادت، وفاقی وزراء نے شرکت کیں۔
ایران امریکا جنگ ختم کرانے کے لئے پاکستانی کی سفارتی کاوشوں اور پاکستان میں مذاکرات کی میزبانی پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں خلیجی جنگ کے تصفیے کے لیے پاکستان میں مذاکرات کی میزبانی پر بھی غور کیا گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شرکاء کو پاکستان کی اب تک کی سفارتی کاوشوں پر بریفنگ دی۔
اسحاق ڈار نے مصر، ترکیہ اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطوں پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کےلیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، فریقین کے رضامند ہونے کی صورت میں پاکستان میزبانی کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم، عالمی سطح پر تنازع کے حل کیلئے پاکستان کا کردار تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کیساتھ پس پردہ مذاکرات کرنے والے ایرانی پارلیمان کے سپیکر باقر قالیباف کون ہیں؟
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف صدر آصف زرداری کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی آج رات صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقات بھی متوقع ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا ایوان صدر جانے کا پلان ہے، خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوگی۔




