یومِ پاکستان

میرپور میں یومِ پاکستان شایانِ شان طریقے سے منایا گیا

میرپور (آصف اقبال، کشمیر ڈیجیٹل)ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر کے ضلع میرپور میں بھی یومِ پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا ۔

نمازِ فجر کے بعد مساجد میں مملکتِ خداداد پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔

مرکزی پرچم کشائی تقریب:
ضلعی ہیڈکوارٹر میں میونسپل کارپوریشن کے سبزہ زار پر مرکزی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر راجہ محمد صداقت خان، ایس ایس پی خرم اقبال، میئر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد اور ایم ایس ڈاکٹر اعجاز احمد نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے ۔

سائرن، خاموشی اور سلامی:
صبح ٹھیک 8 بجکر 58 منٹ پر سائرن بجایا گیا، جس کے بعد ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور شاندار مارچ پاسٹ کیا ۔

تقریب میں شرکت کرنے والی شخصیات:
تقریب میں ڈپٹی میئر محمد رمضان چغتائی، اسسٹنٹ کمشنر میاں حسام ساجد، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر راجہ ایاز احمد خان، تحصیلدار چوہدری عمران یوسف، ڈی ایس پی شہزاد سرور، ڈی ایس پی ملک رضوان، اسٹیٹ آفیسر چوہدری بشارت حسین، چیف آفیسر راجہ شیراز احمد خان، کشمیر پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ، سابق صدر ظفر اقبال مغل، سابق جنرل سیکرٹری سجاد خانپوری سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

عزمِ نو کا اعادہ:
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 23 مارچ 1940 کو منظور ہونے والی قراردادِ پاکستان کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک علیحدہ وطن حاصل کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے حالات میں بھی قومی اتحاد، یکجہتی اور جذبۂ حب الوطنی کے ذریعے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔

اختتامی دعا:
تقریب کے اختتام پر مفتی عبدالغفار سلفی نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، اسلام کی سربلندی اور مسلح افواجِ پاکستان و شہدائے پاکستان و کشمیر کے لیے خصوصی دعا کروائی ۔

Scroll to Top