باغ(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ سردار ضیاء القمر نے عید الفطر کے پُرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن مسلمانوں کیلئےخوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے یہ دن انسانیت کی خدمت، بھائی چارے اور محبت کا درس دیتا ہے ۔
انہوں نے عالمی سطح پر جاری خون ریزی، خاص طور پر اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری انتہائی تشویشناک حالات امریکی اور اسرائیلی جارحیت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سنگین حالات میں دنیا بھر کے عوام کیلئے امن اور سلامتی کی دعائیں کرنا ضروری ہے ۔
پاکستان کا خاص طور پر آزاد کشمیر خطہ اس صورتحال سے متاثر ہے بڑے پیمانے پر کشمیری روزگار اور کاروبار کے سلسلے میں مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں ہمیں اپنی قومی یکجہتی کو مضبوط بناتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔
عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار اہمیت رکھتا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر عالمی امن کے لیے دعا گو رہنا چاہیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار ضیاء القمر کی تجویز پر باغ کو بگ سٹی کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری
وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ نے عید کے موقع پر بارشوں کے پیش نظر نقل و حمل کے امور پر بھی بات کی انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں کہیں بھی کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو اس لیے حکومت نے بارشوں کے دوران زرائع نقل و حمل کی مکمل تیاری کی ہے ۔
آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث سڑکوں کی بندش کے پیش نظر محکمہ مواصلات و تعمیرات نے خصوصی انتظامات کیے ہیں تاکہ لوگوں کو سفر میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ ہو ۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سفر سے قبل موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہیں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔
وزیر حکومت نے کہا کہ عید کا دن خوشی کا موقع ہوتا ہے، لیکن اس دوران ہمیں اپنے ارد گرد کے افراد کی مدد اور حمایت بھی کرنی چاہیے تاکہ یہ خوشیاں ہر شخص تک پہنچ سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مشکل وقت میں عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے:سردار ضیاء القمر
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ عید کی خوشیوں کا یہ موسم تمام مسلمانوں کیلئے امن، سکون اور خوشی کا باعث بنے ۔




