پاکستان سپر لیگ 11 کیلئے بنگلادیش کے کھلاڑیوں کو این او سی جاری

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارویں سیزن کے لیے اپنے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیا ہے، تاہم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے باعث یہ اجازت نامے جزوی طور پر دیے گئے ہیں۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق پی ایس ایل کی مصروفیات کی وجہ سے اسٹار فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے استثنیٰ مل گیا ہے، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو مخصوص دورانیے کے لیے پی ایس ایل میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11کا اینتھم کون گائے گا؟گلوکار کا نام سامنے آگیا

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپریل میں بنگلادیش کا دورہ کرنا ہے جہاں 17، 20 اور 23 اپریل کو ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہے، جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز 27 اپریل، 29 اپریل اور 2 مئی کو کھیلے جائیں گے۔ بی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 27 مارچ سے شروع ہوگا، تاہم پی ایس ایل میں معاہدہ رکھنے والے مستفیض الرحمٰن، پرویز حسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور ریشاد حسین اس کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے۔ بورڈ آفیشل کے مطابق تمام کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کوالیفکیشن کے پیشِ نظر ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مستفیض الرحمٰن کو دو حصوں میں این او سی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت وہ 26 مارچ سے 12 اپریل اور پھر 24 اپریل سے 3 مئی تک پی ایس ایل کے لیے دستیاب ہوں گے۔ دوسری جانب تنزید حسن، شرف الاسلام، ناہید رانا اور ریشاد حسین کو صرف 12 اپریل تک کا این او سی دیا گیا ہے، جبکہ پرویز حسین 21 اپریل تک پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آسکیں گے۔ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی دستیابی کو قومی ذمہ داریوں اور پی ایس ایل معاہدوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے اس طرح ترتیب دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کے لیے بڑا خطرہ قرار دی گئی طاقتوں میں پاکستان کا نام بھی شامل، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ منظرعام پر آ گئی

Scroll to Top