تہران: اسرائیلی اور امریکی حملے میں شہید ہونے والے ایران کی قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ان کے ممکنہ متبادل کا نام سامنے آگیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، جب تک نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کونسل میں اپنے نمائندے نامزد نہیں کر دیتے تب تک سابق سیکرٹری سعید جلیلی کو عارضی طور پر علی لاریجانی کی جگہ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کی طرف سے سرکاری ٹی وی پر جاری پیغام میں علی لاریجانی، ان کے بیٹے اور معاون کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی۔ یہ واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ساڑھے 3 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، علی لاریجانی پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے بیٹے کے ساتھ ایک خفیہ اپارٹمنٹ میں قیام پذیر تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے سکیورٹی چیف علی لاریجانی شہید ہو گئے،ایرانی میڈیا نے تصدیق کردی
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ لاریجانی کی ہلاکت ایرانی عوام کو حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کا موقع دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام کی جانب سے مذہبی قیادت کا تختہ الٹنا ایک دم نہیں ہوگا اور نہ ہی یہ آسان کام ہے، لیکن اگر ہم ڈٹے رہے تو عوام اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لے سکیں گے۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایران کی بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو بھی شہید کر دیا ہے، جس کی پاسداران انقلاب نے تصدیق بھی کر دی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ غلام رضا سلیمانی کی شہادت کے بعد خون کا بدلہ لینے کے جذبے سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔




