مظفرآباد: ریاست آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے سلسلے نے موسم کی رت بدل دی ہے۔ دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہونے والی اس بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور فضا میں خنکی بڑھ گئی ہے۔
برفباری اور سردی کی واپسی:
رپورٹس کے مطابق وادیِ نیلم، وادیِ لیپہ اور دیگر بلند پہاڑی سلسلوں پر تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے وادیوں میں سردی کی لہر دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ برف سے ڈھکے پہاڑوں کے دلکش نظاروں نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو مسحور کر دیا ہے۔ بارش اور برفباری کے اس امتزاج نے موسم کو انتہائی دلفریب بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران سے آنے والا موسمی سسٹم: پاکستان میں بارشوں اور آلودہ ذرات کی آمد کا خدشہ، محکمہ موسمیات کا الرٹ
آزاد کشمیر کے ضلع باغ، راولاکوٹ، عباسپور، کوٹلی اور نیلم ویلی سمیت تقریباً تمام ہی علاقوں میں ابرِ رحمت برسنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث جہاں گرد و غبار کا خاتمہ ہوا ہے، وہیں باغوں اور کھیتوں میں بھی ہریالی نمایاں ہونے لگی ہے۔
روزہ داروں کے لیے خوشخبری:
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اس خوشگوار موسم نے روزہ داروں کے لیے بڑی آسانی پیدا کر دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارش کے اس سلسلے نے روزے کی مشقت کو راحت میں بدل دیا ہے اور ہر طرف مسکراہٹیں بکھیر دی ہیں۔
مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہوگیا ہے، چترال، ایبٹ آباد، سوات، کوہستان، شانگلہ، پشاور، کرم، کوہاٹ، باجوڑ اورہری پورمیں بارش ہونے کا امکان ہے۔
ژوب، بارکھان، چمن اور زیارت میں بھی مطلع ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔
اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اٹک سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسیں گے۔ اس دوران چند مقامات پرآندھی/ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 17 مارچ کی رات ایک اور مغربی سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں: وقفے وقفے سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع! بادل کب تک برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بڑی نوید سنا دی
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
گزشتہ24گھنٹوں کےدوران سب سے زیادہ بارش (ملی میٹر) اٹک میں 18ملی میٹر، اسلام آباد (سٹی 17، سیدپور ولیج 16، بوکرا 08، ائیر پورٹ 07،گولڑہ 02)، راولپنڈی (نیو کٹاریاں 13، کچہری 11،گوالمنڈی 10، پیرودھائی 08)، چکوال 11، سیالکوٹ ایئرپورٹ اور کوٹ ادو 6ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
آزادکشمیرمیں مظفرآباد ایئرپورٹ 6ملی میٹر،راولا کوٹ 5، مظفرآباد سٹی 4، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔




