اسلام آباد: وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ملازمین کے لیے چھٹیوں کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کی چھٹیاں 20 اور 21 مارچ 2026 کو ہوں گی ۔ یہ چھٹیاں ہفتے میں پانچ یا چھ دن کام کرنے والے تمام سرکاری دفاتر پر لاگو ہوں گی ۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے اس شیڈول کے مطابق تعطیلات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ سرکاری ملازمین عیدالفطر کی خوشیاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ منا سکیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:2026 کی سرکاری چھٹیوں کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا
اعلامیے کے مطابق 20 مارچ کو جمعہ اور 21 مارچ کو ہفتہ کے دن عیدالفطر کی سرکاری تعطیلات ہوں گی ۔ اس کے بعد 22 مارچ کو اتوار کے باعث معمول کی ہفتہ وار چھٹی ہوگی جبکہ 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر پہلے سے ہی سرکاری تعطیل ہوتی ہے ۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ عیدالفطر مسلمانوں کے لیے خوشی اور عبادت کا اہم تہوار ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے چھٹیوں کا اعلان کیا جاتا ہے تاکہ لوگ اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ یہ تہوار خوشی سے منا سکیں ۔ عید کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی عبادات ، اجتماعات اور سماجی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت کا عیدالفطر پر4 تعطیلات دینے کا فیصلہ
یاد رہے کہ عیدالفطر رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جاتی ہے اور اس کا انحصار شوال کے چاند کی رویت پر ہوتا ہے ۔ حکومت کی جانب سے تعطیلات کا اعلان عوام کی سہولت اور انتظامی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے ۔




