پاک فوج

آپریشن غضب للحق تیز ، چترال سرحد پر پاک فوج کی بڑی کارروائی، افغان طالبان کی’’بادانی پوسٹ ‘‘تباہ

پاک افغان سرحدی علاقوں میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج نے دہشت گرد عناصر اور سرحد پار سے ہونے والی مبینہ جارحیت کیخلاف شروع کیے گئے ’’آپریشن غضب للحق‘‘ کے تحت اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں ۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال سے ملحقہ سرحدی علاقے میں افغان طالبان کی ایک اہم چوکی، جسے ’’بادانی پوسٹ‘‘ کہا جاتا ہے، کو نشانہ بنایا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے اس چوکی پر چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران زمینی ہتھیاروں کیساتھ جدید ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی ۔ خاص طور پر کواڈکاپٹر ڈرونز کی مدد سے انتہائی درست نشانہ لگایا گیا، جس کے نتیجے میں مذکورہ پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ۔

سکیورٹی حکام کے مطابق یہ کارروائی باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت انجام دی گئی جس میں سرحد پار موجود ان ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جو مبینہ طور پر دراندازی اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں معاونت کیلئے استعمال ہو رہے تھے ۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ عناصر کو مختلف محاذوں پر شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انہیں پسپائی اختیار کرنا پڑی ہے ۔ حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن غضب للحق ، پاک افواج کے افغانستان میں کامیاب فضائی حملوں کی ویڈیو جاری

سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال کارروائیوں اور دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں کے ردعمل میں کی گئی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ’آپریشن غضب للحق‘ ایک وسیع اور مسلسل جاری رہنے والی کارروائی ہے جس کا بنیادی مقصد سرحدی علاقوں کو دہشت گردی سے پاک کرنا اور دراندازی کی تمام کوششوں کو ناکام بنانا ہے ۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران جدید نگرانی کے نظام، ڈرون ٹیکنالوجی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور مرحلہ وار انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

حکام کے مطابق یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اس کے تمام مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے اور سرحدی علاقوں میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی نہیں بنا لیا جاتا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن غضب للحق ، افغان رجیم کے مزید نقصانات کی تفصیل جاری

سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدی خلاف ورزیوں یا دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف فوری اور مؤثر ردعمل دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔

Scroll to Top