پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ تین میچوں کی سیریز اس وقت ایک ایک سے برابر ہے اور آج کی فاتح ٹیم سیریز اپنے نام کر لے گی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں مجبوراً کرنی پڑی ہیں کیونکہ دو اہم کھلاڑی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔ کپتان کے مطابق شامل حسین اور حسین طلعت انجرڈ ہونے کی وجہ سے اس اہم میچ کا حصہ نہیں بن سکے۔ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں پاکستان نے نوجوان ٹیلنٹ پر بھروسہ کیا ہے اور آج کے میچ میں دو کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی : آئی سی سی نے سلمان علی آغا کیخلاف ایکشن لے لیا
بنگلادیش کے خلاف اس فیصلہ کن میچ میں پاکستان کی جانب سے غازی غوری اور سعد مسعود اپنا پہلا بین الاقوامی ون ڈے میچ کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کی فائنل الیون میں کپتان شاہین آفریدی کے ساتھ صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، غازی غوری، تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عبدالصمد، سعد مسعود، فہیم اشرف، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
سیریز کی صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو پہلے ون ڈے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دے کر سبقت حاصل کی تھی، تاہم دوسرے ون ڈے میں قومی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور سیریز کو برابر کر دیا۔ اب تمام نظریں آج کے میچ پر لگی ہیں کہ کون سی ٹیم بہتر کارکردگی دکھا کر ٹرافی اپنے نام کرتی ہے۔



