وقفے وقفے سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع! بادل کب تک برسیں گے؟ محکمہ موسمیات نے بڑی نوید سنا دی

مظفرآباد سمیت کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے باعث علاقے میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس پورے ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہ سکتی ہیں۔

آزاد کشمیر کے حوالے سے سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہناہے کہ 16 مارچ تک مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی، باغ، حویلی اور پونچھ میں بارش جبکہ بالائی پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے دوران محتاط سفر کریں کیونکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کی کمی آ سکتی ہے، جبکہ ایک اور مغربی سلسلہ 17 مارچ کی رات کو ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کا انتظام کریں۔

یہ بھی پڑھیں: عید کی تعطیلات میں بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آ باد، لاہور سمیت مختلف شہروں میں علی الصبح بادل جم کر برسے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بھی آج رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے (PDMA) نے چترال، دیر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ جیسے بالائی اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے، جہاں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ کوہستان، شانگلہ اور بٹگرام میں موسلادھار بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اےنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی صورتحال میں مدد کے لیے ہیلپ لائن کو فعال کر دیا گیا ہے اور ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

Scroll to Top