اسلام آباد : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جنگی لباس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز) کی سعودی ولی عہد سے ہونے والی اس اہم ملاقات کی جو تصاویر منظرِ عام پر آئی ہیں، ان میں سپہ سالار کو افواجِ پاکستان کے مخصوص جنگی لباس میں دیکھا گیا ہے، جس نے عالمی سطح پر سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
دفاعی ماہرین کے مطابق عمومی طور پر بیرونِ ملک دوروں کے دوران سپہ سالار رسمی یا سیریمونیئل لباس زیب تن کرتے ہیں، لیکن اس حساس ملاقات کے دوران سپہ سالار کا خاص طور پر ‘کامبیٹ ڈریس’ میں ہونا پاکستان کی اپنے دیرینہ برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا ایک طاقتور اظہار ہے۔
یہ اقدام اس پختہ عزم کا اعادہ ہے کہ پاکستان اپنے دیرینہ تعلقات اور دفاعی معاہدوں کے تناظر میں سعودی عرب کے دفاع اور سالمیت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ اس ملاقات کے انداز نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان اپنے برادر ملک کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی چیلنج کی صورت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔




