پاکستان میں حال ہی میں متعارف کرائی گئی چھوٹی الیکٹرک کار ‘نورا ای وی’ (Nora EV) نے اپنے تمام ماڈلز کی قیمتوں اور خصوصیات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
شہروں میں سفر کے لیے بہترین سمجھی جانے والی یہ گاڑی چار نشستوں پر مشتمل ہے اور اسے موٹر سائیکل یا چھوٹی پیٹرول گاڑیوں کے ایک سستے اور ماحول دوست متبادل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے نورا ای وی کے تین مختلف ماڈلز متعارف کرائے گئے ہیں۔ پہلا ماڈل ‘Eco’ ہے جس کی قیمت 18 لاکھ 89 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ یہ ماڈل ایک بار چارج کرنے پر 120 کلومیٹر تک چلتا ہے اور اس میں اے سی، لیدر سیٹیں اور 3 رنگوں کے آپشنز موجود ہیں۔ دوسرا ماڈل ‘Eco+’ ہے جس کی قیمت 20 لاکھ 99 ہزار روپے ہے، اس میں ملٹی میڈیا سسٹم کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سب سے بہترین ماڈل ‘EcoX’ ہے جس کی قیمت 22 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، یہ ماڈل 160 کلومیٹر کی طویل رینج فراہم کرتا ہے اور اس میں ہائی اینڈ سسٹم کے ساتھ 15 مختلف رنگوں کے آپشنز دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فروری 2026 میں گاڑیوں کی فروخت میں 41.7 فیصد اضافہ ریکارڈ

نورا ای وی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی بیٹری اور موٹر پر 5 سال کی وارنٹی دی گئی ہے اور اس میں بیٹری تبدیل کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ گاڑی میں 3000 واٹ کی موٹر لگی ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 65 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ دیگر فیچرز میں بلوٹوتھ آڈیو، 7 انچ کی ریورسنگ ڈسپلے، پاور ونڈوز، ریموٹ سینٹرل لاکنگ اور اینٹی تھیفٹ الارم شامل ہیں۔ اس گاڑی کا ڈیزائن جیپ سے مشابہت رکھتا ہے جس کے پچھلے دروازے پر ایک فالتو ٹائر بھی لگایا گیا ہے جو اسے ایک منفرد لک دیتا ہے۔




