نادرا

نادرا کی جعلی ویب سائٹس کے ذریعے ڈیٹا چوری کا انکشاف، شہریوں کے لیےایڈوائزری جاری

اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ادارے کی جعلی ویب سائٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں کے لیے ایک انتہائی ضروری پیغام جاری کر دیا ہے۔ نادرا نے عوامی آگاہی کے لیے بتایا ہے کہ ادارے کے ویزا پورٹل کی نقل پر مبنی ایک جعلی ویب سائٹ بنائی گئی ہے جو کہ https//www.visa.nadragov.online کے نام سے کام کر رہی ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق یہ ویب سائٹ کسی بھی طرح ادارے سے منسلک نہیں ہے اور خدشہ ہے کہ اسے شہریوں کی ذاتی معلومات چرانے یا غلط طریقے سے ادائیگیاں حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہو۔ پیغام میں شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اس ویب سائٹ تک رسائی حاصل نہ کریں اور اس پر کسی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں۔ نادرا نے واضح کیا ہے کہ ان کا واحد اور اصلی سرکاری ویزا پورٹل https//visa.nadra.gov.pk ہے۔ شہری ہمیشہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نادرا کی تمام خدمات صرف ان سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے استعمال کی جائیں جن کے آخر میں .gov.pk آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل شناختی کارڈ فزیکل کارڈ کے برابر قرار،نادرا نے عوام کیلئے اہم اعلان کر دیا

دوسری جانب، نیشنل سائبر ایمرجنسی ٹیم نے بھی شہریوں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ اس الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران نادرا کی طرز پر بنی 9 ایسی ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا ہے جو شہریوں کی ذاتی معلومات چرا رہی تھیں۔ الرٹ میں بتایا گیا کہ یہ جعلی ویب سائٹس شہریوں کا ڈیٹا چوری کرنے کے لیے ہی ڈیزائن کی گئی تھیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ویب سائٹ کی تصدیق کیے بغیر اپنی ذاتی معلومات شیئر نہ کریں اور مشکوک ای میل لنکس یا ایس ایم ایس پر ہرگز کلک نہ کریں۔ ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ نادرا اور این سرٹ اس وقت ایسی تمام گمراہ کن سائبر سرگرمیوں کے خلاف بھرپور طریقے سے سرگرم ہیں۔

مزید پڑھیں: نادرا حکام کابڑا اقدام، 42 لاکھ شناختی کارڈ منسوخ،اہم ہدایات جاری

Scroll to Top