محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے نئی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آج بالائی علاقوں اور اسلام آبادمیں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف مقامات پر بارش جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادلوں کے ڈیرے رہنے کی توقع ہے اور دن کے مختلف اوقات میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور بونیر شامل ہیں جہاں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے نے بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا
ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی موسم تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، جہلم، گجرات اور لاہور میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے جبکہ گوجرانوالہ، مری اور گلیات کے علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گلیات میں موسم زیادہ ٹھنڈا ہونے کا امکان ہے اور بارش کے باعث سیاحتی مقامات پر درجہ حرارت میں کمی محسوس کی جاسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش اور ژالہ باری کے دوران کھلے مقامات اور غیر محفوظ عمارتوں سے دور رہیں جبکہ کسانوں کو بھی فصلوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ ان علاقوں میں بارش کا کوئی خاص امکان ظاہر نہیں کیا گیا تاہم دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے اضلاع میں بادلوں کا راج، آج رات سے بارش کا قوی امکان
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ درجہ حرارت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ موسم کو خوشگوار بنانے کا سبب بن سکتا ہے، تاہم بعض علاقوں میں ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہوتا ہے اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




