عید الفطر سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی چاندی ہوگئی، حکومت نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے تنخواہوں اور پنشن کی قبل از وقت ادائیگی کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو عید الفطر کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے مارچ 2026 کی تنخواہ اور پنشن مقررہ تاریخ سے پہلے ہی ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عید الفطر 2026: نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا طریقہ اور سرکاری گائیڈ لائنزجانیے
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو 16 مارچ 2026 کو ہی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ اس فیصلے کا مقصد ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عید کی تیاریاں آسانی سے مکمل کر سکیں۔ اس فیصلے کی خاص بات یہ ہے کہ ملازمین کو فروری کی تنخواہ اس ماہ کے شروع میں مل چکی ہے، جس کا مطلب ہے کہ مارچ کے مہینے میں انہیں دو بار ادائیگیاں وصول ہوں گی۔ محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ ریٹائرڈ افراد کو بھی 16 مارچ کو پنشن مل جائے گی تاکہ انہیں کسی مالی تنگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے بھی اہم معلومات دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 19 مارچ کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان بہت کم ہے، جس کا مطلب ہے کہ رمضان کے 30 روزے مکمل ہو سکتے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ چاند 20 مارچ کو نظر آئے گا اور عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ منائی جائے گی۔ تاہم، عید کی تاریخ کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔




