وادی نیلم کے زیریں علاقوں میں دوسرے روز بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی اڑنگ کیل، سرداری، گریس ویلی، تاؤبٹ اور شونٹھر ویلی سمیت بلند پہاڑوں پر وقفے وقفے سے ہلکی برف باری ہو رہی ہے۔ بارش اور برف باری کی وجہ سے پورے علاقے میں موسم سرد ہو گیا ہے اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برف باری کا یہ سلسلہ 12 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ اس سے پہلے مظفر آباد، نیلم ویلی اور راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے رمضان کے مقدس مہینے میں موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں 11 مارچ تک بادل چھائے رہنے اور بارش ہونے کی توقع ہے، جبکہ استور، گلگت، اسکردو، دیامر، غذر، ہنزہ، نگر، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی اور پونچھ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے اضلاع میں بادلوں کا راج، آج رات سے بارش کا قوی امکان
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 12 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں 9 سے 12 مارچ کے دوران آندھی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، علاوہ ازیں، اسلام آباد اور پوٹھوہار کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے جو سرد موسم میں اضافہ کر سکتا ہے۔
پاکستان کے دیگر حصوں کی بات کریں تو اگلے 24 گھنٹوں میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی 10 اور 11 مارچ کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی میں بھی 11 مارچ تک آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے جو زرعی اور روزمرہ سرگرمیوں پر اثر ڈال سکتا ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی اور اٹک میں رات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم گرم رہے گا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے اگلے تین ماہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ مارچ سے مئی تک ملک کے وسطی اور مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں۔ مغربی ہواؤں کے اثرات کی وجہ سے بہار کے موسم میں بارشوں میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہیں گی۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال پر نظر رکھیں اور شدید ہوا، بارش یا ژالہ باری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔




