منگلا ڈیم کے کنارے پہلا کلچرل فیسٹیول منعقد کرنیکا فیصلہ،علاقائی ثقافت، روایتی کھیلوں کو اجاگر کیا جائیگا، کمشنر

میرپور : منگلا ڈیم کے کنارے میرپور ڈویژن کا پہلا مثالی کلچرل فیسٹیول منعقد کرنے کا فیصلہ، منگلا ڈیم کے لب پر پرانے شہر میرپور کے قریب عید کے بعد جلد از جلد ایک منفرد اور شاندار کلچرل فیسٹیول منعقد کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

اس سلسلے میں کمشنر راجہ طاہر ممتاز خان کی سربراہی میں ایک اہم وفد نے فیسٹیول کے لیے مجوزہ گراؤنڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور میں پولیس کا گرینڈ آپریشن: 100 سے زائد غیر رجسٹرڈ افغان شہری گرفتار

معائنہ ٹیم میں ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت خان، ایس ایس پی خرم اقبال، مئیر کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد، سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز چوہدری عظیم مشتاق، چیف افسر بلدیہ راجہ شیراز احمد اور سابق صدر کشمیر پریس کلب سجاد جرال بھی شامل تھے۔

وفد نے گراؤنڈ کا جائزہ لیتے ہوئے فیسٹیول کے دوران منعقد ہونے والی روایتی کھیلوں خصوصاً نیزہ بازی اور بیل دوڑ کے لیے علیحدہ ٹریک تیار کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا۔

اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی گئی جلد گراؤنڈ کی تیاری مکمل کی جائے تاکہ فیسٹیول کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

کمشنر راجہ طاہر ممتاز خان نے چیف آفیسرراجہ شیراز احمد کو گراؤنڈ کی تیاری اور انتظامات کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی۔

حکام کا کہنا تھا کہ اس فیسٹیول کو ایک بڑے علاقائی کلچرل شو کے طور پر منعقد کیا جائے گا جو میرپور ڈویژن کا پہلا مثالی کلچرل فیسٹیول ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد : پیٹرول اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر عوام کو ڈپٹی کمشنر کا اہم پیغام

دورہ کے دوران کمشنر راجہ طاہر ممتاز خان، ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت خان، مئیر کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد، ایس ایس پی خرم اقبال اور چیف افسر کارپوریشن راجہ شیراز احمد نے گھوڑوں پر سوار ہو کر گراؤنڈ کا جائزہ بھی لیا۔

حکام کے مطابق اس کلچرل فیسٹیول میں علاقائی ثقافت، روایتی کھیلوں اور مقامی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا جس سے نہ صرف عوام کو تفریح کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ خطے کی ثقافتی شناخت کو بھی فروغ ملے گا۔

Scroll to Top