سکیورٹی فورسز

سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام، دو خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش بروقت کارروائی کرتے ہوئےمکمل طور پر ناکام بناتے ہوئے دو خوارج کو ہلاک کر دیا ۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر فورسز نے فوری طور پر کارروائی کی اور دراندازی کرنے والے شدت پسندوں کو روکنے کیلئےمؤثر حکمت عملی اپنائی۔ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں اور دراندازوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک ہوگئے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا اور وہ افغانستان کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا تاکہ ممکنہ طور پر موجود دیگر عناصر کا سراغ لگایا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچستان : سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، فتنہ الہندوستان کے 15 دہشتگرد ہلاک، ٹھکانے اڑا دیئے

سکیورٹی حکام کے مطابق پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے فورسز ہر وقت چوکس ہیں اور کسی بھی قسم کی دراندازی یا دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے ۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا گیا ہے جس کی بدولت مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی ممکن ہو رہی ہے ۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کامیاب کارروائیاں دہشت گرد عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور فورسز مسلسل گشت کر رہی ہیں تاکہ سرحد کے دونوں جانب امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے ۔

Scroll to Top