مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کا اثر: پاکستان خطے میں مہنگا ترین پیٹرول فروخت کرنے والا ملک بن گیا

اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے اثرات پاکستانی معیشت پر نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان اس وقت خطے میں سب سے مہنگا پیٹرول فروخت کرنے والا ملک بن چکا ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ پڑوسی ممالک اور خلیجی ریاستوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

اگر پاکستانی کرنسی کے تناظر میں خلیجی ممالک کی قیمتوں کا موازنہ کیا جائے تو صورتحال انتہائی تشویشناک نظر آتی ہے۔ اس وقت قطر میں پیٹرول پاکستانی کرنسی میں محض 144 روپے فی لیٹر دستیاب ہے، جبکہ سعودی عرب، بحرین اور عمان میں اس کی قیمت 172 روپے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات (UAE) میں پیٹرول 186 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔ یہ تمام قیمتیں پاکستان میں رائج قیمت کے مقابلے میں تقریباً آدھی یا اس سے بھی کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹرز کا سخت ردعمل،کرایوں میں 20 فیصد اضافے کا اعلان

عالمی سطح پر دیگر بڑی معیشتوں پر نظر ڈالی جائے تو امریکہ میں پیٹرول کی قیمت پاکستانی روپوں میں 247 روپے ہے، جبکہ بھارت اور چین میں یہ 305 روپے فی لیٹر تک فروخت ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں سب سے سستا پیٹرول لیبیا اور ایران میں دستیاب ہے جہاں قیمت صرف ساڑھے 5 روپے فی لیٹر ہے، جبکہ اس کے برعکس ہانگ کانگ دنیا کا مہنگا ترین ملک ہے جہاں ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت ایک ہزار 77 روپے تک جا پہنچی ہے۔ پاکستان میں بڑھتی ہوئی یہ قیمتیں عوامی سطح پر شدید تشویش کا باعث بن رہی ہیں کیونکہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں یہاں کا فرق بہت زیادہ واضح ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرول مہنگا کرنے پر عمران خان نے کیا وضاحتیں دی تھیں؟ ویڈیو وائرل

Scroll to Top