مشرقِ وسطیٰ کے بحران نے فضائی سفر کو لپیٹ میں لے لیا، پاکستان سے درجنوں پروازیں منسوخ

اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نے بین الاقوامی فضائی آپریشنز کو شدید متاثر کیا ہے، جس کا براہِ راست اثر پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والی فلائٹس پر پڑا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، آج بھی پاکستان کے مختلف شہروں سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی 97 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ موجودہ حالات میں صرف 58 پروازوں کے شیڈول کے مطابق اڑان بھرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مزید 104پروازیں منسوخ، یواے ای کی پروازیں بحالی کی جانب گامزن

کراچی ایئرپورٹ پر صورتحال سب سے زیادہ متاثر نظر آتی ہے جہاں دوحہ، دبئی، شارجہ، ابوظبی اور بحرین کے لیے 25 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ محض 13 پروازوں کی روانگی متوقع ہے۔ اسی طرح لاہور سے 22، اسلام آباد سے 26 اور پشاور سے 10 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد کے ایئرپورٹس پر بھی پروازوں کا تعطل برقرار ہے جہاں مجموعی طور پر 14 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس کے باعث پاکستان سے اب تک 1300 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جبکہ عالمی سطح پر مشرقِ وسطیٰ میں منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 27 ہزار 600 تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم، مسافروں کے لیے ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں دوحہ ایئرپورٹ نے ایک ہفتے کی طویل بندش کے بعد آج سے اپنا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں فضائی آپریشن شدید متاثر،20ہزار پروازیں منسوخ، کھربوں کا نقصان

Scroll to Top