ٹرمپ انتظامیہ کا غیر قانونی تارکین وطن کی رجسٹریشن کا منصوبہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے لیے ایک وفاقی رجسٹری قائم کرنے کا ارادہ کیا ہے جس کے تحت ان افراد کو اپنی رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے غیر قانونی امیگریشن پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کی تیاری مکمل کر لی ہےجن میں ایک ایسی رجسٹری کا قیام بھی شامل ہے جہاں غیر قانونی تارکین وطن کو اپنی معلومات جمع کرانے کے ساتھ فنگر پرنٹ بھی دینا ہوں گے۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے حکام کے مطابق یہ رجسٹری 14 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام غیر قانونی تارکین وطن پر لاگو ہوگی جس کے تحت انہیں اپنی تفصیلات حکام کے حوالے کرنا ہوں گی۔ امریکی میڈیا کے مطابق اس رجسٹری کا مقصد نہ صرف تارکین وطن کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا ہے بلکہ انہیں ممکنہ طور پر جرمانوں یا قانونی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریشیاں:لیپہ روڈ شدید برفباری اور برفانی تودوں کی زد میں، ٹریفک معطل

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے اقتدار سنبھالتے ہی غیر قانونی امیگریشن کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔

ادھر امریکی صدر نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی جمعے کو دورہ کریں گے۔ ٹرمپ کے مطابق زیلنسکی معدنی وسائل کے معاہدے پر دستخط کے لیے آ رہے ہیں۔

Scroll to Top