چیمپئنز ٹرافی: گروپ بی میں سیمی فائنل کی جنگ تیز، کون آگے نکلے گا؟

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد گروپ بی میں سیمی فائنل کی دوڑ مزید تیز ہوگئی ہے۔ چاروں ٹیمیں اب بھی اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں جس نے ٹورنامنٹ کے اس مرحلے کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

گزشتہ روز ،منگل کوراولپنڈی میں شیڈول آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان اہم میچ مسلسل بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ ملا۔ اس کے بعد گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا اور آسٹریلیا تین، تین پوائنٹس کے ساتھ سب سے آگے ہیں تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث جنوبی افریقا سرفہرست ہے۔

دوسری جانب انگلینڈ اور افغانستان تاحال کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کر سکے لیکن سیمی فائنل کی دوڑ میں اب بھی باقی ہیں۔ ہر ٹیم کو تین، تین میچز کھیلنے ہیں اور گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جس کی وجہ سے آگے آنے والے میچز نہایت اہم ہیں۔

سیمی فائنل کے امکانات: کس ٹیم کے چانسز زیادہ؟

جنوبی افریقا:
ٹیمبا باووما کی قیادت میں پروٹیز کے پاس سیمی فائنل تک رسائی کا سنہری موقع ہے ۔ اگر وہ اپنے آخری گروپ میچ میں انگلینڈ کے خلاف میچ ہار بھی جاتے ہیں تو بھی ان کے امکانات باقی رہیں گے مگر اس کے لیے انہیں افغانستان کی جیت کا سہارا چاہیے ۔

آسٹریلیا:
دو مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کے لیے بھی سیمی فائنل کے دروازے کھلے ہیں۔ اگر وہ افغانستان کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ جیت جاتے ہیں تو وہ بآسانی اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گےالبتہ شکست کی صورت میں انہیں جنوبی افریقا سے امید رکھنی ہوگی کہ وہ انگلینڈ کو ہرائےتاکہ ان کے چانسز برقرار رہیں۔

انگلینڈ:
جوس بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا راستہ مشکل ضرور ہےمگر ناممکن نہیں۔ اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد انگلینڈ کو اب اپنے باقی دونوں میچز جیتنے کی اشد ضرورت ہے۔ افغانستان کے خلاف ان کا اگلا میچ نہ صرف انگلینڈ بلکہ دیگر ٹیموں کے لیے بھی انتہائی اہم ہوگا کیونکہ اس کا نتیجہ سیمی فائنل کی دوڑ پر اثر ڈالے گا۔

افغانستان:
چیمپئنز ٹرافی میں پہلی بار کھیلنے والی افغان ٹیم کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنا مشکل ضرور ہےمگر امید ختم نہیں ہوئی۔ اگر وہ اپنے باقی دونوں میچز—آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف جیتنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ تاہم ایک بھی شکست ان کے امکانات کو ختم کردے گی۔

فیصلہ کن میچز، کون کرے گا ٹاپ فور میں جگہ؟

چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کے اگلے چند میچز ٹورنامنٹ کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ انگلینڈ اور افغانستان کے درمیان بدھ کو ہونے والا میچ انتہائی اہم ہوگاجبکہ ہفتے کو جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا مقابلہ بھی سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دے گا۔ اگر آسٹریلیا اور جنوبی افریقا اپنے میچز جیت لیتے ہیں تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے لیکن کسی بھی اپ سیٹ کی صورت میں سیمی فائنل کے لیے دوڑ کھلی ہے ۔

ٹورنامنٹ کا یہ مرحلہ شائقین کرکٹ کے لیے انتہائی سنسنی خیز ہوگیا ہے جہاں ہر میچ کی اہمیت بڑھ چکی ہے اور ہر ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پوری محنت کررہی ہے۔

Scroll to Top