مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر ناکہ بندی کے دوران بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسافر کوسٹر کی چھت سے 40من سے زائد مشکوک چربی برآمد کر لی۔
حکام کے مطابق یہ چربی مظفرآباد کے مختلف کباب ہاؤسز کو سپلائی کی جانی تھی جہاں اسے کباب کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:عدالتِ عظمیٰ کے احکامات پر فوڈ اتھارٹی متحرک، نیلم کے بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سخت چیکنگ
فوڈ سیفٹی ٹیم نے چیکنگ کے دوران کوسٹر کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی کی چھت پر چھپائی گئی بھاری مقدار میں چربی برآمد ہوئی، جسے فوری طور پر قبضے میں لے لیا گیا۔
ابتدائی جانچ میں مال خلاف ضابطہ اور قواعد کے منافی ترسیل کیاجارہاتھا جس پر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ ایف آئی آر کے اندراج کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن: آزاد کشمیر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی، بھاری مقدار میں غیر معیاری اشیاء ضبط
حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور داخلی راستوں پر نگرانی کا نظام مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ غیر معیاری اشیائے خورونوش کی ترسیل روکی جا سکے۔
یاد رہے کہ مظفرآباد شہرکے کباب کافی مشہور ہیں اور خاص طور پر رمضان المبارک میں افطار و سحر کیلئے کباب زیادہ فروخت ہوتے ہیں، اب 40من سے زیادہ مشکوک چربی کا برآمد ہونا سوالیہ نشان بن گیا ہے کہ آیا یہ چربی کس جانور کی ہے اور کہاں اسے سپلائی کی جا رہی ہے۔
فوڈ اتھارٹی کی تحقیقات میں ہی معاملہ سامنے آئیگا کہ یہ چربی کہاں استعمال ہونی تھی اور صحت کیلئے کس حد تک مضر تھی۔




