مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اس ہدایت نامے میں شہریوں کو فوری طور پر خطے کے 14 ممالک سے نکلنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان ممالک میں بحرین، مصر، ایران، عراق، اسرائیل بشمول مغربی کنارے اور غزہ، اردن، کویت، لبنان، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن شامل ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی مسائل کی وجہ سے شہری ان علاقوں سے فوراً اپنے طور پر روانہ ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: فضائی حدود کی بندش: تین غیر ملکی طیارے 28 فروری سے کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں پھنس گئے
دوسری جانب کینیڈین حکومت نے بھی اپنے شہریوں کے لیے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر دبئی چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔ کینیڈین حکام نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ خصوصی پروازوں کا انتظار نہ کریں بلکہ زمینی راستے کا انتخاب کرتے ہوئے سعودی عرب یا سلطنت عمان پہنچ جائیں۔
کینیڈین حکومت نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں کسی بھی وقت میزائل یا ڈرون حملے کا خدشہ موجود ہے جس کی وجہ سے سکیورٹی صورتحال اچانک مزید بگڑ سکتی ہے۔ شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوجی تنصیبات اور حساس مقامات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔




