مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور فضائی حدود کی اچانک بندش کے باعث قطر ایئر ویز، فلائی دبئی اور ایئر عربیہ کے تین طیارے 28 فروری سے کراچی ایئرپورٹ کی پارکنگ میں موجود ہیں۔ ان غیر ملکی طیاروں کی آمد اور طویل پارکنگ کی وجہ سے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کو پارکنگ فیس کی مد میں ہزاروں ڈالر کا ریونیو بھی حاصل ہوا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق 28 فروری کو فضائی حدود کی اچانک بندش سے پاکستان کے اوپر سے گزرنے والی 27 پروازوں نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔ ان میں ٹیکنیکل لینڈنگ، ڈائیورژن اور ری روٹ ہونے والے طیارے شامل تھے۔ ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ عالمی ہوا بازی کی تنظیم (آئیکا) کی ہدایت پر تمام ایئرپورٹس پر آپریشنل کرائسز کنٹرول فعال ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لبنان پر اسرائیلی حملے جاری: 52 افراد جاں بحق، مشرقِ وسطیٰ میں فضائی آپریشن درہم برہم
بتایا گیا ہے کہ اس دن کراچی ایئرپورٹ پر 15 سے زائد طیاروں کا رخ موڑا گیا تھا۔ مختلف ایئر لائنز کے 12 طیارے تو یہاں سے روانہ ہو گئے لیکن 3 طیارے تاحال کراچی میں ہی کھڑے ہیں۔ ان پروازوں کے تمام مسافر 28 فروری سے کراچی کے مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں، جبکہ متعلقہ ایئر لائنز اپنے مسافروں کو متبادل انتظام کے ذریعے ان کی منزلوں پر روانہ کر رہی ہیں۔




