لبنان پر اسرائیلی حملے جاری: 52 افراد جاں بحق، مشرقِ وسطیٰ میں فضائی آپریشن درہم برہم

لبنان میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جارحانہ حملوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 52 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ لبنان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ حملوں میں 52 ہلاکتیں اور 154 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ اس سے قبل لبنانی وزارتِ صحت نے ہلاکتوں کی تعداد 31 بتائی تھی۔

ذرائع کے مطابق بیروت کے علاقے ضاحیہ میں، جو حزب اللہ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، ایک زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر امریکہ نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی ہے۔ بیروت میں امریکی سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ شہری تجارتی پروازوں کی دستیابی تک ملک سے نکل جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کیساتھ جنگ میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ،سینٹ کام کی تصدیق

دوسری جانب، ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اموات کی مجموعی تعداد 555 تک پہنچ گئی ہے۔ ایرانی ہلالِ احمر کے مطابق ان حملوں میں اب تک 131 شہروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ اگرچہ لبنان اور اردن نے اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں، تاہم خطے کے 8 ممالک کی فضائی حدود تیسرے روز بھی بند رہیں۔

اس کشیدگی نے عالمی فضائی آپریشن کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اب تک 1239 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جبکہ پاکستان میں بھی گزشتہ تین دنوں کے دوران 500 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جس کی وجہ سے ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: متحدہ عرب امارات میں پھنسے مسافروں کیلئے خوشخبری

Scroll to Top