قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنربیٹرصاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی شاندار بیٹنگ کے جوہر دکھاتے ہوئے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔
فرحان نے اس ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کا 2014 میں قائم کردہ 319 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا ۔
ویرات کوہلی نے 2014 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 319 رنز بنائے تھے جو کئی سال تک اس ٹورنامنٹ کا ریکارڈ رہا ۔
تاہم صاحبزادہ فرحان نے اپنی جارحانہ اور مستحکم بیٹنگ سے نہ صرف یہ ریکارڈ توڑا بلکہ ایک اور منفرد اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ۔
فرحان اس ورلڈ کپ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سلمان علی آغا کی جگہ شاداب خان کو قومی ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے : شاہد آفریدی
انہوں نے سری لنکا کیخلاف صرف 59 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی اور اس سے قبل نمیبیا کیخلاف بھی سنچری بنائی تھی۔
اس طرح وہ ایک ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔
رواں ورلڈ کپ میں صاحبزادہ فرحان کی کارکردگی نے پاکستان ٹیم کیلئے نہایت اہمیت اختیار کر لی ہے ۔ ان کی مسلسل عمدہ بیٹنگ نے ٹیم کو کئی اہم میچ جتوانے میں مدد دی اور شائقین کرکٹ کو بھی بھرپور محظوظ کیا۔
ان کی جارحانہ، مگر ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ثابت کیا کہ فرحان نہ صرف موجودہ دور کے بہترین بلے باز ہیں بلکہ مستقبل میں بھی وہ پاکستانی کرکٹ کے لیے سنہری باب رقم کر سکتے ہیں ۔
صاحبزادہ فرحان کی یہ کارکردگی یقیناً عالمی کرکٹ میں پاکستان کی مضبوط موجودگی کو مزید نمایاں کرے گی اور نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مثال بن جائے گی ۔




