ڈاکٹر عباد اللہ

پاکستان کی آزادی اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں ،ڈاکٹر عباد اللہ

پشاور: ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ اور قومی وقار پر کسی بھی قسم کی مفاہمت ہرگز قبول نہیں کی جا سکتی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کیساتھ مکمل اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے بھی اپنے عملی اقدام سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ صوبے کے مختلف شہروں میں بڑی تعداد میں ریلیاں نکالی گئیں جہاں شہریوں نے مسلح افواج کے حق میں نعرے لگائے اور قومی اتحاد کا اظہار کیا ۔

کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی عوامی ریلیاں منعقد ہوئیں ۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پاکستان سے اپنی وابستگی اور فوج کے ساتھ مکمل حمایت کا اعلان کیا ۔

ان مظاہروں میں طلبہ، خواتین اور بزرگوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات نے بھرپور شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سرحدی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کیلئے وہ ہر ممکن تعاون کرینگے۔

ڈاکٹر عباد اللہ نے اپنے بیان کے اختتام پر عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی کو برقرار رکھیں اور پاکستان کی آزادی اور عزت کے تحفظ کے لیے کسی بھی دباؤ یا سمجھوتے کو قبول نہ کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کے عوام پاک افواج کیساتھ ہیں، دشمن کی ساری غلط فہمیاں دور کرینگے،وزیراعظم فیصل راٹھور

دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کا آغاز افغانستان کی جانب سے ہوا ، تاہم اس کا انجام پاکستان طے کرے گا ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ افغانستان کی سرزمین سے ایک بار پھر پاکستان پر حملے کیے گئے ہیں اور امریکہ کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ اس کا چھوڑا ہوا اسلحہ پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہا ہے ۔

گورنر نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے شواہد عالمی سطح پر پیش کیے ہیں تاکہ عالمی برادری کو اس صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے ۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے تو پاکستان دہشت گرد عناصر کے خلاف خود اقدام کرے گا ۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ ماضی میں بھی جارحیت کا جواب دیا گیا اورآئندہ بھی پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئےکسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا ۔

Scroll to Top