ریشیاں لیپا روڈ پر برفانی تودہ گرنےکا خطرہ، محکمہ شاہرات نے وارننگ جاری کر دی

جہلم ویلی : محکمہ شاہرات جہلم ویلی نے شدید برف باری اور برفانی تودوں کے خطرے کے پیش نظر ریشیاں لیپا روڈ پر سفر کرنے والوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

محکمہ شاہرات کے ترجمان راجہ مسرور خان نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج سے 2 مارچ تک شدید بارشیں اور پہاڑوں پر بھاری برف باری متوقع ہے۔ اس دوران ریشیاں لیپا روڈ پر برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے جس سے مسافروں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے شہریوں کو متنبہ کیا ہےکہ برف باری کے دوران اس سڑک پر سفر کرنے سے گریز کریں کیونکہ راستے میں شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ شاہرات کی مشینری اور عملہ الرٹ ہےتاہم برفباری کے دوران راستہ کلیئر کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ جیسے ہی موسم میں بہتری آئے گی برف ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔

محکمہ شاہرات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دوران برفباری پیدل سفر سے بھی گریز کریں اور اگر انتہائی مجبوری میں جانا ہو تو مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ضروری سامان ساتھ رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محکمہ شاہرات کے کنٹرول روم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری، پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان

محکمہ شاہرات کے عملے اور مشینری کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جیسے ہی موسم صاف ہوراستے کی بحالی کا کام فوری طور پر ممکن بنایا جا سکے۔

Scroll to Top