پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ اور سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو کے درمیان حالیہ دنوں میں ہونے والی لفظی تکرار خوش اسلوبی سے حل ہوگئی ہے۔ اس معاملے کا آغاز ایک نجی ٹی وی پروگرام سے ہوا جہاں عتیقہ اوڈھو نے فہد مصطفیٰ کو مشورہ دیا تھا کہ اب انہیں اپنی عمر کی اداکاراؤں کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔ اس بیان پر فہد مصطفیٰ نے اپنے پروگرام میں سخت ردِعمل دیتے ہوئے کچھ طنزیہ جملے کہے اور سرجری کا مشورہ بھی دے ڈالا، جس پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی تھی۔
معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر ایک وضاحتی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ اس بات کو مزید نہ بڑھایا جائے۔ انہوں نے فہد مصطفیٰ کو ایک باصلاحیت پروفیشنل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی کسی بات سے فہد کو دکھ پہنچا ہو تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ عتیقہ اوڈھو کے اس مثبت رویے کے بعد فہد مصطفیٰ نے بھی اپنے پروگرام میں سب کے سامنے معافی مانگی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہنواز کیانی قتل کیس کا فیصلہ: دو مجرمان کو سزائے موت، پانچ کو طویل قید
فہد مصطفیٰ نے عتیقہ اوڈھو کو پاکستان کی سب سے حسین عورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ “عتیقہ آپا آپ ہماری بڑی ہیں اور ہم آپ سے بہت پیار کرتے ہیں”۔ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے عتیقہ اوڈھو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جس کے بعد اس تنازع کا باقاعدہ ڈراپ سین ہوگیا ہے۔




