دبئی ٹریفک پولیس نے کم عمر بچوں کی جانب سے سڑک پر خطرناک ڈرائیونگ کے واقعے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ عائد کر دیا ۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار معمول کی پیٹرولنگ پر تھے کہ انہوں نے ایک مرکزی شاہراہ پر دو کم عمر بچوں کو چار پہیوں والی کواڈ بائیک چلاتے ہوئے دیکھا چونکہ بچوں کا مصروف سڑک پر گاڑی چلانا نہ صرف غیر قانونی تھا بلکہ دیگر شہریوں کی جان کیلئے بھی خطرہ بن سکتا تھا، اس لیے پولیس نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے انہیں روک لیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی افغانستان میں 7 ٹھکانوں پر بڑی کاروائی، 12 مزید دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق، کل تعداد 40 تک جا پہنچی
کارروائی کے دوران بچوں کے والدین کو موقع پر طلب کیا گیا۔ پولیس نے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر کواڈ بائیک کو ضبط کر لیا اور والدین پر 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 38 لاکھ روپے بنتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی غفلت سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے، کیونکہ کم عمر ڈرائیور ٹریفک قوانین اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت نہیں رکھتے ۔
دبئی پولیس نے والدین کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی قسم کی موٹر گاڑی سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہ دیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بچوں کی حفاظت والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور معمولی لاپرواہی بھی بڑے حادثات کو جنم دے سکتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کچھ نہیں بدلا، بھارت ٹیرف ادا کرتا رہیگا، ڈونلڈ ٹرمپ،نیا ایگزیکٹو آرڈر جاری
پولیس نے واضح کیا کہ عوامی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھا جائے گا تاکہ سڑکوں کو محفوظ بنایا جا سکے اور ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے ۔




